نیکی اور بھلائی کے کاموں میں مدد کرنے سے ہی انسان کوحقیقی خوشی ملتی ہے۔ صوفی مسعوداحمدصدیقی

 فیصل آباد ( )امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی نے لاثانی سیکرٹریٹ پر تنظیم مشائخ کی مجلس شوریٰ اور صحافیوں سے ’’عید کی حقیقی خوشیوں ‘‘کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ جو نیکی اور بھلائی کے کاموں میں ایک دوسرے کی مددکرتے ہیں اور گناہ اور ظلم کے کاموں سے باز رہتے ہیں انہی لوگوں کوحقیقی خوشیاں نصیب ہوتی ہیں،ایسے لوگوں کیلئے تو ہرروز عید ہوتی ہے۔دین خیر خواہی کانام ہے جوشخص ہروقت لوگوں کے فائدے ،بھلائی اور خیر خواہی کیلئے تگ ودوکرتارہتاہے ایسے لوگوں کیلئے دنیا وآخر ت میں کامیابیوں کی بشارتیں دی گئی ہیں۔ایک سوال کے جواب میں صوفی مسعوداحمدصدیقی نے کہاکہ پاکستان میں کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے ،اس مسئلے سے نجات مل سکتی ہے اگر ایم این اے ،ایم پی اے سمیت یونین کونسل سطح کے ناظمین اور کونسلر اپنے اپنے علاقوں میں موجودرہیں ،لوگوں کے مسائل سنیں ،اور ایک ایک لنگر خانہ قائم کردیں تو اس سے بہت سے مسائل حل ہوسکتے ہیں اور مقامی سطح پر اگرحکومت زکوٰۃ اور بیت المال کیلئے ایسی کمیٹیاں تشکیل دے جس میں علاقے کے مخلص لوگوں، مشائخ عظام اور علماءِ کرام کونمائندگی دے تو بہت سے عوامی مسائل حل ہوسکتے ہیں۔