پیر وہ ہوتاہے جس کی دعاگناہگارسے گناہگار بندے کی تقدیر پلٹ دے۔صوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکار

 سالگرہ کی مخالفت میں اللہ ورسولﷺ کے ذکرکی محافل سجانے کاسلسلہ تیزی سے جاری وساری۔فرزنداکبرصاحبزادہ پیر شبیر احمدصدیقی کے جشن ولادت کے موقع پر خطاب

دورحاضرکے عظیم روحانی پیشواصوفی مسعوداحمدصدیقی لاثانی سرکارکی زیر صدارت مرکزی لاثانی سیکرٹریٹ پر عظیم الشان محفل پاک ذکرونعت بسلسلہ جشن ولادت فرزنداکبرصاحبزادہ پیر شبیر احمدصدیقی منعقد ہوئی،اپنے صدارتی خطاب میں صدیقی لاثانی سرکارنے کہاکہ آج کل جعلی عامل حضرات روپے پیسے کے چکرمیں عوام کو گمراہ کررہے ہیں اورعوام ایسے نام نہاد شیطانی لوگوں کی وجہ سے صراط مستقیم سے ہٹ رہی ہے ،ایسے گمراہ لوگوں نے اپنے ناموں کے ساتھ ’’پیر ‘‘کالفظ لگایا ہوتاہے حالانکہ ایسے لوگوں کوراہ سلوک کی الف ب کاپتہ نہیں ہوتااورنہ ہی ایسے لوگوں کااللہ ورسولﷺ سے کوئی روحانی تعلق ہوتاہے ،جب ان لوگوں کااپنا تعلق نہیں ہوتاتویہ دوسرے لوگوں کاکیا تعلق کروائیں گے؟ ۔انہوں نے مزیدکہاکہ اللہ تعالیٰ کالاکھ لاکھ شکرہے کہ ہمیں صحیح ولی مرشد (واصلین حق مومن مقربین فقرا)کی نسبت اورصحبت عطا ہوئی اوران برگزیدہ ہستیوں کے صدقے ہماراتعلق اللہ ورسولﷺ سے ہوا،یہی وجہ ہے کہ ہم بھولی بھٹکی مخلوق خداکوصراط مستقیم کی تصدیق بھی کروارہے ہیں اورراہ حق کے سالکین کااللہ ورسولﷺ سے تعلق کروابھی رہے ہیں۔ہمیں اللہ ورسولﷺ کی بارگاہ سے جو علم معرفت عطا ہوا،اس کیمطابق پیر وہ ہوتاہے جس کی دعاگناہگارسے گناہگارانسان کی تقدیر کوپلٹ دے ،اگر ایسے شخص کاروحانی تعلق اس لیول تک نہیں پہنچاتو ایسے شخص کوہرگز ہرگز ’’پیر ‘‘نہیں کہنا چاہیے،وہ فراڈیہ ،بے دین اورگمراہ ہے ،ایسے لوگوں کوپیر کہنا ہی غلط ہے ۔پیر ی فقیری توایک مقدس روحانی رشتہ ہے جس میں راہ حق کے سالک کاتعلق اللہ ورسولﷺ سے مل جاتاہے ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ اللہ ورسولﷺ اوران کے محبوبوں نے مجھ پر خاص نظررحمت فرماتے ہوئے میری اولاد کے پیدائشی ولی اللہ ہونے کی بشارت عطا فرمائی ،اللہ ورسولﷺ جن لوگوں کوپسند فرماتے ہیں توپھر انہیں اپنے پسندیدہ کام کرنے کاحکم فرماتے ہیں ،موجودہ دورمیں لوگوں کی اکثریت شادی بیاہ اورسالگرہ کے موقعوں پرفضول اورشیطانی رسومات پر ہزاروں روپے ضائع کردیتے ہیں ،ہمیں اللہ ورسولﷺ کی بارگاہ سے شادی بیاہ اورسالگرہ سمیت دیگر موقعوں پراپنے اوراپنے محبوبوں کے ذکر کی محافل سجانے کی تلقین فرمائی ہے،اسی لئے گزشتہ کئی سالوں سے سلسلہ عالیہ صدیقیہ نقشبندیہ چادریہ لاثانیہ سے وابستگان لاکھوں مردوخواتین اپنی سالگرہ پرفضول اورلغو رسومات کی بجائے اللہ ورسولﷺ اوران کے محبوبوں کے ذکرکی محافل سجاتے ہیں اوریہ سلسلہ تیزی سے جاری وساری ہے ۔محفل پاک کے شرکاء کیلئے لنگر شریف کے وسیع انتظامات کئے گئے ،ملک وملت کی سلامتی اوراستحکام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔