علامہ اقبال ؒ اسلام کے سچے پیروکارتھے جنہوں نے امت مسلمہ کوخواب غفلت سے بیدا رکیا۔

 فیصل آباد ( )صوفیاء تو وہ برگزیدہ ہستیاں ہیں جن کے دم قدم سے انسان کی انسانیت کابھرم قائم ودائم ہے۔ان خیالات کااظہار امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی نے لاثانی سیکریٹریٹ پر منعقدہ تقریب بسلسلہ ’’یوم اقبال اوربعد ازوصال اولیاء اللہ کے روحانی فیوض وبرکات ‘‘تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ علامہ اقبال ؒ اسلام کے سچے پیروکارتھے جنہوں نے اپنے عارفانہ اور صوفیانہ شعروشاعری کے ذریعے امت مسلمہ کواسلام کی ابدی اور عالمگیر تعلیمات سے روشناس کرانے کیساتھ ساتھ خواب غفلت سے بیدارکیااور اسلامی نظریاتی ریاست ’’پاکستان ‘‘کاتصور پیش کیا۔اس موقع پر انہوں نے تاجدار گولڑہ پیر سید مہر علی شاہ ؒ کے لخت جگر پیر طریقت سید غلام محی الدین المعروف بابوجی سرکار گولڑوی ؒ ،سلطان العارفین سلطان باہوؒ اور حضرت سخی سرور لعلاں والی سرکارؒ ،پیر سید جماعت علی شاہ امیر ملت سرکار محدث علی پوری ؒ اور مرشد اکمل سید ولی محمد شاہ چادروالی سرکار ؒ کی تعلیمات اور سیرت وکردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے مزید کہاکہ صوفیانہ طرز عمل اور تعلیمات کوفروغ دینے سے پاکستان سمیت مسلم امہ کے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔چونکہ تصوف اسلام کی روح ہے اورتاریخ گواہ ہے کہ صوفیاء کرام کی بارگاہ اقدس سے نہ صرف مسلمان فیض یاب ہوئے بلکہ مذاہب عالم سے تعلق رکھنے والے بھی فیض یاب ہوئے ۔