روحانی معاملات ٹھیک ہوگئے

 سید طاہر یٰسین ہاشمی نقشبندی (حلقہ کوٹ رادھاکشن نزد رائے ونڈ) کہتے ہیں کہ میں نے سنا تھا کہ فی زمانہ ایک محبوب ہستی ہوتی ہے۔ اللّٰہ و رسولﷺ اور مشائخ کی بارگاہ میں بلند مقام رکھنے والی وہ ہستی صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار ہیں۔ بندہ ناچیز حقیر کی خوش قسمتی ہے کہ ہمیں آپکے قدموں میں جگہ مل گئی۔ پیر و مرشد کی کرم نوازیاں اتنی ہیں کہ وہ سب احاطہ تحریر میں لانا مشکل ہیں اور نہ ہی یہ حقیر زبان اس قابل ہے کہ جس سے آپکی شان بیان ہوسکے۔ چند کرم نوازیاں پیش کرنے کی جسارت کررہا ہوں۔

اس سے پہلے میں سلسلہ نوشاہی قادری میں بیعت تھا۔ پیرومرشد کے پردہ فرما جانے کے بعد روحانی معاملات آگے نہ چل سکے مگر دل میں طلب تو چل رہی تھی۔ کہیں بات نہ بنی اور کچھ دُنیا داری کے معاملات میں اُلجھ گیا۔ ماہ فروری 2011ء پہلا ہفتہ اسی دُعا میں گزر رہا تھا ۔ بے چینی بڑھ گئی دُرودوسلام کے نذرانے پیش کر رہا تھا۔ ایک رات خواب میں میری دستگیری ہوئی اور خواب میں دیکھا کہ قبلہ صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار صاحب آسمان پر تخت نشین ہیں بہت سے لوگ وہاں جمع ہیں آپ اُنکی عرضیں سُن رہے ہیں آپ کے ہاتھ میں موبائل فون ہے۔ جس سے آپ کا رابطہ اللّٰہ رب العزت سے ہے۔ بندہ ناچیز آپکے پاس پہنچ کر اپنی عرض کرتا ہے۔ میرے ساتھ میرے دو بچے جو ذہنی وجسمانی معذور ہیں وہ بھی موجود ہیں۔ آپ سرکار مجھے ہاتھ کے اشارے اپنے قریب بٹھا لیتے ہیں پھر میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ اُس وقت رات ڈیڑھ بجے کا ٹائم تھا۔ میں دوبارہ لیٹ جاتا ہوں۔ تو وہی خواب دوبارہ وہیں سے جڑ جاتا ہے۔ اسکے بعد محفل برخاست ہو جاتی ہے آپ سرکار مجھے اپنے ساتھ لے کر ایک سرخ رنگ کی گاڑی کے پاس آتے ہیں مجھے اپنے ساتھ بیٹھا کر میرے گھر کے قریب اتار دیتے ہیں۔ آپ سرکار مجھے ارشاد فرماتے ہیں کہ فیصل آباد شریف آجائیں۔ خواب میں مجھے آپکا نام مُبارک معلوم ہوگیا تھا۔ پھر میں نے انٹرنیٹ پر چیک کیا تو آستانہ عالیہ کا ایڈریس مل گیا اور ایک پیر بھائی سے ملاقات ہوگئی جس نے مجھے ایڈریس سمجھا دیا۔ بندہ ناچیز مورخہ 10 فروری 2011ء بروز جمعرات آستانہ عالیہ پر آپکی بارگاہ میں حاضر ہوا آپ حضور نے کرم فرمایا بیعت صحبت فرمایا اور دُعا فرمائی۔ مورخہ 23/2/2011 کو بذریعہ خواب امام الشہداء حضرت سیدنا امام حسین پاکؓ نے اپنی زیارتِ بابرکت سے نوازا، حضرت سیدنا امام پاک رضی اللّٰہ عنہ اور پیر و مرشد جناب صدیقی لاثانی سرکار صاحب ایک بہت بڑی محفل میں تشریف فرما ہیں۔ اسی سٹیج پر میں گنہگار بھی بیٹھا ہوں تو حضور سیدنا امام حسینؓ نے سلسلہ نقشبندیہ چادریہ لاثانیہ کی تصدیق فرمائی آپ نے فرمایا کہ لاثانی سرکار کا دَر حسین ؓ کا در ہے اور حضرت سیدنا امام حسین رضی اللّٰہ عنہ مجھ گنہگار پر خصوصی کرم نوازی فرماتے ہیں۔ 
مورخہ 30/3/2011 کو بندہ ناچیز آستانہ عالیہ پر حاضر ہوا۔ پیرومرشد کی زیارت کی اور شام واپس اپنے گھر چلا گیا اسی رات میں خواب میں دیکھتا ہوں کہ میں آستانہ عالیہ پر موجود ہوں کہ سرکار کل عالم ﷺ آستانہ عالیہ پر تشریف لارہے ہیں۔ میں جلدی سے آستانہ عالیہ کے مین گیٹ کی طرف جاتا ہوں تو دیکھتا ہوں کہ باہر گلی میں آپ سرکار کل عالمﷺ تشریف لارہے ہیں آگے ایک چادر ہے اور چادر کے پیچھے آپﷺ نظر آرہے ہیں اور پیچھے کافی بزرگ ہستیاں ہیں۔ میں یہ منظر دیکھ کر بڑی قوت سے تین مرتبہ نعرہ رسالت لگاتا ہوں اور اس کے بعد میری آنکھ کھل جاتی ہے۔ نعرہ رسالتﷺ لگانے کی وجہ سے میرے منہ سے عنبر و کستوری جیسی خوشبو آرہی ہوتی ہے جو تین دِن مسلسل منہ سے آتی رہی۔ 
میرے آقا ومولا منبع جودو سخا، گنج رحمت، امام الافقراء، فخرالاولیاء، محبوب سبحانی، شہباز لامکانی، حبیب مصطفےٰﷺ، ابوالفیض صدیقی فاروقی سخی سلطان پیروجن وبشر مرشد کامل اکمل صوفی مسعود احمد صدیقی لاثانی سرکار صاحب دورِ حاضر میں فیوض و برکات کے خزانے تقسیم فرمارہے ہیں، اللہ تبارک وتعالیٰ آپکا سایہ ہم پر ہمیشہ قائم ودائم رکھے۔ (آمین)