محفل پاک لاثانی کی فضیلت

 میرے قبلہ لاثانی سرکار نے فرمایا کہ محفل پاک لاثانی کے بارے میں اللہ تعالیٰ نے کرم فرمایا کہ ’’ اگر کوئی عقیدت مندان محافل کا انعقاد اخلاص اور عقیدت سے کرے گا تو ہم اسے سات سو سال کی عبادت کا اجر عطا فرمائیں گے ‘‘ اور فرمایا کہ ’’ ان محافل میں باقاعدگی کے ساتھ محبت و خلوص سے شرکت کرنے والوں کا کم از کم مقام ولایت کبریٰ ہو گا۔ ’’یعنی اس دنیا میں چاہے اسے اس چیز کی خبر ہو یا نہ ہو لیکن حشر میں اس کو ولایت کبریٰ کے ولیوں میں اٹھا یا جائے گا یہ بھی فرمایا گیا کہ یہ مقام و مرتبہ تو ان لوگوں کے لئے ہے جو عقیدت اور محبت کے ساتھ محافل میں شرکت تو کرتے ہیں لیکن انہیں فیض لینے کا طریقہ نہیں آتا ان میں فیض لینے کی اہلیت نہیں ۔ یعنی وہ مراقبہ محاسبہ اور ذکر فکر جیسی تصوف کی باتوں کو سمجھ نہیں سکتے تو ان کی یہ حجت و عقیدت ہی انہیں کم از کم اس مقام تک ضرور پہنچا دے گی اور جو لوگ اعتراض کرتے ہیں یا تنقیدی نظر سے بیٹھتے ہیں ان کے لئے اس محفل میں کوئی جگہ نہیں ۔میرے آقا حضور نبی کریم ﷺ نے فرمایا کہ ’’بد عقیدہ کو ہم خود اس محفل سے نکال دیں گے ۔ اسے فائدہ کی بجائے نقصان ہو گا۔‘‘اس محفل کی فضیلت کا اندازہ اس بات سے لگا لیجئے کہ اس میں کئے جانے والے کا ذکر کا حکم وقتاً فوقتاً یکے بعد دیگر ے اللہ رب العزت کی جناب سے ہوا ۔ ساتھ ہی ان اذکار کے طریقے اور فضیلت بھی بتائی گئی اور اس لحاظ سے یہ محفل اپنی نوعیت کی لاثانی محفل بن گئی۔ 

حضور نبی کریم ﷺ ،صحابہ کرامؓ اور اولیاء و مشائخ عظام ؒ نے ارشاد فرمایا یہ ہماری اپنی محفلیں ہیں ‘ اور جو کوئی ان میں شرکت کرتا ہے وہ کبھی خالی دامن واپس نہیں جاتا ۔ جنات و فرشتے ان محافل میں حاضری دیتے ہیں ۔ آسمان سے رحمت و سکینہ نازل ہوتی ہے جس سے اہل محفل کے دل و دماغ منور ہو جاتے ہیں۔ اس محفل میں مانگی ہوئی دعائیں ۔ بہت جلد قبول ہو تی ہیں ۔ ان محافل میں مسلسل شرکت سے دل علائق و دنیاوی سے پاک اور محبت الٰہی سے سر شار ہو جاتا ہے کیف و سرور طاری ہو جاتا ہے ‘ اور انسان مقام مشاہدہ کو پا لیتا ہے ۔ 

*۔۔۔نثار احمد ( منصور آباد ، فیصل آباد ) بیان کرتے ہیں کہ محفل پاک لاثانی کے دوران حضرت سیدنا صدیق اکبرؓ اور حضور میاں صاحب چادر والی سرکار ؒ کی زیارت پاک ہوئی دونوں ہستیوں نے پوری محفل پر کرم فرمایا ہر شخص کو نوازا اور محفل پاک پر اپنی چادریں پھیلا دیں ۔ 

*۔۔۔خانیوال سے ہماری پیر بہن کو دوران ذکر مشاہدہ ہوا کہ حضور نبی کریم ﷺ تشریف لائے آپ سر کار نے طریقہ ذکر ( لاثانی سرکار کے ارشاد فرمائے ہوئے ) کو بہت پسند فرمایا پھر آپ سرکار نے بھی بالکل اسی انداز سے ذکر کر کے دکھایا اور ارشاد فرمایا ’’ اس طرح سے ایک مرتبہ ذکر کرنے سے ایک ہزار نیکیاں ملتی ہیں‘‘۔ سبحان اللہ 

*۔۔۔خورشید عالم صاحب ( غازی آباد،فیصل آباد ) بتاتے ہیں کہ میں محفل پاک لاثانی میں بڑی یکسوئی کے ساتھ ذکر کر رہا تھا ۔ ذکر کر تے کرتے میں نے مشاہدہ کیا کہ میرے قبلہ لاثانی سرکار سامنے تخت پر جلوہ افروز ہیں ۔ اور آسمان کی جانب سے اللہ تبارک و تعالیٰ کے ننانوے نام مبارک میرے آقا کی طرف آر ہے ہیں اور ان میں سے بہت نور نکل رہا ہے اور تمام جگہ روشن ہے ۔ 

*۔۔۔ محمد شبیر حسین ( چونڈہ شریف ، ضلع سیالکوٹ) نے بتایا کہ رب العزت نے کرم فرمایا اور مجھے محفل پاک لاثانی میں حاضری کی سعادت نصیب ہوئی دورانِ ذکر میں نے مشاہدہ کیا کہ حضرت سیدنا غوث الا عظم ؒ اور حضرت سیدنا سلطان باہوؒ اور سیدنا ولی محمد شاہ صاحب چادر والی سرکار ؒ محفل میں تشریف لائے اور اہل محفل پر کرم فرمایا ۔ 

*۔۔۔نثار کالونی ،فیصل آباد سے ایک پیر بہن بیا ن کرتی ہیں کہ میں بذریعہ پیپر بیعت ہوئی اور محفل پاک میں شرکت کی ۔ جب ذکر کیا تو میں نے کھلی آنکھوں سے دیکھا میرے پیرو مرشد لاثانی سرکار تشریف لائے اور فرمایا ’’ آؤ جی ہم آپ کو ایسی جگہ لے کر چلیں جہاں ہر چیز ذکر کرتی ہے ۔‘‘ پھر ہم سب ایک ایسی جگہ پہنچ گئے ۔جہاں شجرو حجر سب وجدانی حالت میں اللہ کا ذکر کر رہے تھے۔ آپ نے ارشاد فرمایا دیکھو ان چیزوں کو کیسے ذکر کرتی ہیں اور تمہیں یہ بتانا مقصود تھا کہ جہاں ذکر ہوتا ہے ۔ وہاں ہر چیز ساتھ مل کر ذکر کرتی ہے ۔ اور خوشی اور فخر کے ساتھ زمین جھومتی ہے۔ 

*۔۔۔ہمارے ایک پیر بھائی بیان کرتے ہیں کہ محفل پاک لاثانی میں ذکر سے پہلے قبلہ لاثانی سرکار نے تصور کے ساتھ ذکر کرنے کا طریقہ بتایا تو میں نے بالکل اسی طریقہ سے توجہ بنانے کی کوشش کی ۔ اسی دوران اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور مرشد پاک کی نظر عنایت سے دیکھا کہ حضرت سیدنا چادر والی سرکار ؒ اور ایک نورانی ہستی محفل میں تخت پر جلوہ افروز ہیں ۔ میرے قبلہ لاثانی سرکار بھی تخت پر جلوہ نما ہوتے ہیں ۔ اس وقت قبلہ سیدنا چادر والی سرکار ؒ نے اہل محفل سے مخاطب ہوتے ہوئے فرمایا ۔’’جہاں لاثانی سرکار ہوتے ہیں وہاں ہم بھی ہوتے ہیں ‘‘۔اس کے بعد مجھے محسوس ہوا کہ پوری محفل پر انوار کی بارش ہو رہی ہے ۔ 

*۔۔۔ہمارے ایک پیر بھائی نے بروز جمعتہ المبارک محفل پاک میں دورانِ ذکر مشاہدہ کیا ۔ کہ شہنشاہِ اعظم آقائے کل حضور سیدنا نبی کریم ﷺ ، حضور سید نا ولی محمد شاہ صاحب ؒ اور قبلہ لاثانی سرکار محفل میں تشریف فرما ہیں ۔ حضور نبی کریم ﷺ نے ایک مہر مبارک حضور چادر والی سرکار ؒ کو عنایت فرمائی جس پر لفظ ’’اللہ‘‘ لکھا ہوا تھا اور ایک مہر مبارک قبلہ لاثانی سرکار کو عطا فرمائی جس پر لفظ ’’ ولی ‘‘ لکھا ہوا تھا ۔ آپ سرکار کل عالم ﷺ نے فرمایا محفل کے ایک جانب سے آپ ( لاثانی سرکار )اور دوسری جانب سے آپ ( چادر والی سرکار ؒ ) حاضرین محفل کو مہریں لگائیں ۔ آپ محبوبین خدا و رسول ﷺ نے حکم کی تعمیل کی ۔ جب میرے پیرو مرشد مہریں لگاتے ہوئے اور حاضرین محفل کو لطف و کر م سے نوازتے ہوئے ان لوگوں کے قریب پہنچے جو محفل میں پہلی مرتبہ شریک ہوئے تھے تو آپ نے ذرا توقف فرمایا اور نبی کریم ﷺ کی جانب دیکھنے لگے ۔ نبی پاک ﷺ نے ارشاد فرمایا آپ انہیں بھی مہریں لگائیں ۔ میرے پیرو مرشد نے عرض کی حضور یہ پہلی مرتبہ محفل میں آئے ہیں ۔ آپ ﷺ نے فرمایا یہ لوگ محفل پاک لاثانی میں آئے ہیں ان محفلوں کی شان ہی اتنی ہے کہ ان میں آنے والا ( خواہ وہ پہلی دفعہ آئے ) خالی ہاتھ نہیں لوٹ سکتا ۔ اس لئے ان کو بھی مہریں لگا دیں کہ حدیث شریف میں بھی آیا کہ یہ( ذاکرین ) ایسے ہیں کہ ان کا ہم نشین بد بخت نہیں رہتا ۔ 

*۔۔۔شبیہ خان (خانیوال ) بیان کرتی ہیں کہ محفل کے آغاز میں جب ہم تاجدار انبیاء ’ راحت قلب و جاں حضور سیدنا نبی کریم ﷺ کی بارگاہ میں درودوسلام کا نذرانہ پیش کر رہے تھے ۔ تو میں نے مشاہدہ کیا کہ میرے آقا حضرت محمد مصطفی ﷺ تشریف لائے اور فرمایا آج ہم محفل سننے کے لئے تشریف لائیں گے ۔ یہ فرما کر آپ تشریف لے گئے ۔ پھر جب باقاعدہ محفل کا آغاز ہوا اور ذکر کیا جانے لگا تو اس وقت نہایت پر نور سفید گھوڑوں پر میرے آقا سیدنا نبی کریم ﷺ اور میرے دادا مرشد سیدنا چادر والی سرکار ؒ تشریف لائے ۔ آپ نے پوری محفل سنی اور حاضرین محفل پر کرم فرمایا ۔ جب واپس تشریف لے جانے لگے تو میرے اور میرے ساتھ بیٹھی پیر بہن کے سر پر اپنا دست شفقت رکھا اور تشریف لے گئے ۔ سبحان اللہ۔ 

*۔۔۔ علی نواز صاحب ( محلہ جعفری پارک ، شاہدرہ لاہور ) بتاتے ہیں کہ جمعتہ المبارک کو محفل پاک لاثانی ہوئی ذکر کرتے کرتے میری حالت وجدانی ہو گئی میں نے دیکھا کہ سٹیج پر حضرت پیرا ن پیر شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ تشریف فرما ہیں اور آپ کے بائیں طرف سیدنا داتا گنج بخش علی ہجویری ؒ تشریف فرما ہیں ۔ دوران محفل دونوں ہستیاں حاضرین محفل پر کرم فرماتی رہیں ۔ 

*۔۔۔تصور حسین صاحب ( فیصل آباد ) دورانِ محفل جب’’اللہ ہو ‘‘ کا ذکر ہو رہا تھا تو میں نے مشاہدہ کیا کہ آسمانوں پر بھی یہی ذکر ہو رہا ہے ۔ 

میرے قبلہ کی نظر کرم سے دوران محفل مشاہدہ کیا کہ حضور سیدنا غوث الا عظم سرکار ؒ حضرت چادر والی سرکار ؒ ، حضرت سیدنا داتا صاحب سرکار ؒ اور حضور لاثانی سرکار بھی تشریف لائے ۔ اس کے بعد کچھ تعداد میں جنات بھی محفل میں آئے ۔جب ذکر شروع ہوا تو انہوں نے دوسرے جنات کو بھی آوازیں دیں اور غول در غول کثیر تعداد میں جنات محفل میں حاضر ہوئے اور محفل پر گل پاشی کی جب درود پاک شروع ہوا تو سردار انبیاء حضور نبی ﷺ بھی تشریف لے آئے اس وقت مجھے ایسا محسوس ہوا کہ زمین فخر سے بلند ہو رہی ہے اور محفل میں موجود ہر شخص ان بزرگ ہستیوں سے فیض یاب ہو رہا ہے ۔ 

*۔۔۔حسینہ بانو( محلہ افغان آباد ، فیصل آباد) ہماری پیر بہن بیان کرتی ہیں کہ بعد نماز ظہر قبلہ لاثانی سرکار کی ارشاد فرمائی ہوئی درود پاک کی تسبیح کر رہی تھی ۔ میری توجہ بہت زیادہ تھی اور میں بڑی محبت سے درود پاک پڑھنے میں مشغول تھی ۔ کہ میں نے مشاہدہ کیا کہ میں روضۂ انور ﷺ پر حاضر ہوں ۔ آپ ﷺ کی قبر مبارک شق ہو گئی ۔سبز و سفید نور مبارک آپ ﷺ کے اردگرد ہے ۔ آپ ﷺ نے اپنا دستِ کرم مجھ نا چیز کے سر پرر کھا مجھے اپنے سر پر آپ ﷺ کے دستِ لطف و عنائیت کا وزن بھی محسوس ہو ا اور آپ کے دست انو رسے جو نور کی کرنیں پھوٹ رہی تھیں وہ میں اپنے چہر ے پر ملتی رہی ۔