لنگر کی فضیلت

 06-04-1997ء فقیر حسین صاحب ( راجہ چوک ، پیپلز کالونی ، فیصل آباد ) بیان کرتے ہیں کہ خواب میں غیبی آواز آئی کہ تمہاری زندگی کے چار دن باقی ہیں ۔ یعنی جمعرا ت کو آپ کی موت واقع ہو جائیگی ۔ مجھے بے چینی ہوئی اور گھبراہٹ سے اٹھ گیا ۔ تقریباً صبح چار بچے کا وقت تھا مجھے خیال آیا کہ صبح کے وقت جو خواب آتا بالکل درست آتا ہے ۔ پھر مجھے خیال آیا کہ سرکار صاحب نے بھی کچھ عرصہ پہلے فرمایا تھا کہ تمہارے بارے میں اطلاع ہوئی ہے کہ تم بچوں کی شادی نہ کر سکو گے۔ لیکن بعد میں فرمایا تھا کہ ہم نے تمہارے بارے میں دعا کر دی ہے اور تمہیں اور زندگی لے دی ہے ۔ میں نے دل میں سوچا کہ زندگی تو بڑھا دی گئی تھی پھر یہ کیا معاملہ ہے ۔ دوبارہ پھر یہ عرض کر کے لیٹا کہ دستگیری فرمائیں کہ یہ کیا معاملہ ہے ۔تو حضرت سیدنا چادر والی سرکار ؒ کی آواز مبارک آئی کہ کچھ نہ کچھ حصہ لنگر میں ڈالو جی ! میں پھر عرض کرتا ہوں کہ حضور میں تو آپ سے اپنی زندگی کی عرض کر رہا ہوں آپ نظر کرم فرمائیں ۔آپ نے پھر فرمایا اجی ! لنگر میں حصہ ڈالو جی ۔ صبح اٹھا تو مجھے خیال آیا کہ میں نے منت مانی تھی لیکن میں بھول گیا ۔ صبح اٹھا تو آستانہ عالیہ پر آپ کی خدمت میں حاضر ہوا اور خواب عرض کیا تو میرے قبلہ نے ارشاد فرمایا کہ خواب میں جو تمہیں وقت بتایا گیا پہلے اسی طرح تھا لیکن دعا کر نے کے بعد تم پر کرم کر دیا گیا اور زندگی بڑھا دی گئی ہے ۔ پھر میں نے منت بھی ادا کی اور لنگر میں بھی حصہ ڈالا ۔ اس بات کو کئی ماہ گزر چکے ہیں ۔ جیسا میرے قبلہ نے ارشاد فرمایا تھا ویسا ہی مجھ پر کرم ہوا ۔ 

*۔۔۔محمد اسلم صاحب نقشبندی ( گوجرانوالہ ) بیان کرتے ہیں کہ حضور لاثانی سرکار کی نظر کرم سے پچھلے دنوں خواب آیا کہ جیسے میں ایک بازار سے گزر رہا ہوں وہاں پر لوگ حق لاثانی سچ لاثانی کے ورد کی آواز پر دھما ل ڈال رہے ہیں اور حضورقبلہ چادر والی سرکار ؒ ارشاد فرماتے ہیں اجی ! یہاں خالی ہاتھ ہی آئے ہو۔ میں عرض کرتا ہوں کہ میری جان بھی آپ پر قربان ۔ آپ حکم فرمائیں ۔ چادر والی سرکار ؒ حکم فرماتے ہیں ۔ کچھ تبرک لے کر آؤ ۔ میرے پاس دس روپے ہوتے ہیں ۔ میں لنگر خرید کر چادر والی سرکار ؒ کی خدمت میں پیش کرتا ہوں۔ چادر والی سرکار ؒ اسے قبول فرماتے ہیں اور بڑی موج میں فرماتے ہیں کہ جی ! جو لاثانی سرکار کے در پر حاضری کے لئے لنگر لے کر چلتا ہے جب وہ پہلا قدم ہی اٹھاتا ہے تو عرض اس کے دل میں ہوتی ہے ہم اسے وہاں پر ہی قبول فرما لیتے ہیں ۔ 

حضورمیاں صاحب چادر والی سرکارؒ سلسلہ کے ایک بزرگ کے خواب میں فرماتے ہیں کہ ’’دیکھو جی ! اگر آپ ہوٹل سے روٹی کھائیں گے تو صرف پیٹ بھرے گا لیکن اگر وہی پیسے لنگر میں شامل کر دیں اور پھر لنگر کھائیں تو پیٹ بھی بھر ے گا اور روحانی فائدہ بھی پہنچے گا ۔‘‘ تو کیوں نہ ایک کے بجائے دو فائدے حاصل کئے جائیں ۔ 

ہماری ایک پیر بہن نے خواب میں دیکھا کہ محفل پاک لاثانی ہو رہی ہے ۔ محفل کے بعد تمام پیر بہنوں کے آگے لنگر رکھا گیا اتنے میں قبلہ چادر والی سرکار ؒ تشریف لاتے ہیں اور آپ ؒ کچھ پیر بہنوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ یہ لنگر میں حصہ نہیں ڈالتیں اس لئے ان کے آگے سے لنگر اٹھالیا جائے ۔ ان واقعات سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں کے لنگر میں کتنی فضیلت اور مقبولیت ہے کہ قبلہ چادر والی سرکارؒ کا لنگر میں حصہ ڈالنے کی ترغیب دے رہے ہیں ۔(چائے کا لنگر کے بارے میں اللہ تعالیٰ کی طرف سے کرم ہوا کہ یہ لنگر روحانی رکاوٹ اور جسمانی بیماریوں کے لئے فائدہ مند ہے اور اس کی تصدیق بہت لوگوں ہو چکی ہے )۔